آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مشکل میں آ گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کےمطابق کیوی پیسر ٹم ساؤتھی ورلڈ کپ سے دو ہفتے قبل انگوٹھا تڑوا بیٹھے ہیں جب کہ آسٹریلوی اوپنر ٹریوس ہیڈ بھی میگا ایونٹ سے قبل اپنے انگوٹھے کو زخمی کر بیٹھے ہیں جس کے باعث دونوں کھلاڑیوں کی ورلڈ کپ میں شرکت غیریقینی ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے کے دوران کیچ تھامنے کی کوشش میں نیوزی لینڈ کے پیسر ٹم ساؤتھی کے انگوٹھے پر چوٹ آئی تھی اور گزشتہ روز اسکین میں ہڈی ٹوٹنے تصدیق ہوگئی جس کے بعد وہ وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔
ٹم ساؤتھی نیوزی لینڈ واپسی پر اپنی انجری کا علاج کرائیں گے تاہم قابل ذکر یہ ہے کہ ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور رنر اپ کیویز کے درمیان 5 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونا ہے جس کے انعقاد میں صرف 20 روز باقی ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے اوپنر ٹریوس ہیڈ کا بھی ورلڈ کپ سے قبل انگوٹھا ٹوٹ گیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ کے دوران گیرال کوئیٹزی کی شارٹ ڈلیوری کو پُل کرنے کی کوشش میں گیند ہیڈ کے بائیں گلووز پر لگی، فیلڈ میں ہی انھیں طبی امداد فراہم کی گئی جس کے بعد انہوں نے بیٹنگ جاری رکھنا چاہی مگر 3 بالزبعد وہ تکلیف کی وجہ سے ریٹائر ہرٹ ہوگئے تھے۔
ٹریوس ہیڈ کو ایکسرے کے لیے اسپتال لے جایا گیا جب کہ آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے ہیڈ کے فریکچر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے متاثرہ انگوٹھے کا اسکین ہوگا جس کے بعد میڈیکل ایڈوائس پر ان کے میگا ایونٹ کے لیے دستیابی کا فیصلہ کیا جائے گا۔