رفح میں اسرائیلی جارحیت پر بیلجیم نے خبردار کر دیا

بیلجیئم کے وزیر اعظم نے رفح میں اسرائیلی دراندازی کے نتیجے میں غیرمعمولی انسانی تباہی سے خبردار کر دیا۔

بیلجیئم کے وزیر اعظم الیگزینڈر ڈی کرو نے خبردار کیا ہے کہ رفح میں اسرائیل کی دراندازی "مزید غیر محدود انسانی تباہی کا باعث بنے گی اور اس کے نتیجے میں متعدد بے گناہ شہریوں کی موت ہو جائے گی جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہوں گی۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر بیان میں انہوں نے فوری جنگ بندی، غزہ سے تمام اسیروں کی رہائی اور "آنے والے دن کے لیے ایک منصوبہ” کا مطالبہ کیا۔

گزشتہ روز امریکی صدر نے نیتن یاہو سے ٹیلیفونک گفتگو کی تھی۔ وائٹ ہاؤس نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ صدر جو بائیڈن کی کال کے بعد بیان جاری کیا جس میں امریکا نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ "رفح میں فوجی آپریشن کسی قابل اعتماد اور قابل عمل منصوبے کے بغیر آگے نہیں بڑھنا چاہیے تاکہ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

بیان کے مطابق بائیڈن نے "تمام مغویوں کی جلد از جلد رہائی کو محفوظ بنانے کے لیے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت” پر زور دیا۔