لاس اینجلس: فلسطینی نژاد امریکی سُپر ماڈل بیلا حدید نے غزہ میں اسرائیلی جارجیت روکنے کیلیے امریکی صدر جوبائیڈن کو خط لکھ دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بیلا حدید نے اسرائیلی جارجیت روکنے کی حمایت کرنے والے فنکاروں کے ناموں کے ساتھ خط اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کیا۔
بیلا حدید نے فلسطین میں انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ غزہ پر ہونے والی بمباری تاریخ کی خطرناک ترین بمباری ہے۔
’وائٹ ہاؤس کی نیشنل سکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ اسرائیل کے پاس کسی کیلیے کوئی جواز نہیں اور اس کے پاس کوئی ریڈ لائن نہیں ہوں گی۔ انسانیت کے نام پر معصوم جانوں کا ہمیشہ جواز ہونا چاہیے۔‘
سُپر ماڈل نے کیپشن میں لکھا کہ اسرائیل نے پورے غزہ میں ٹیلی کمیونیکیشن اور بجلی بند کر دی جس کی وجہ سے زخمیوں کیلیے ایمبولینس بھی طلب کرنا مشکل ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین صحافیوں سے پوچھ رہے ہیں کہ کس علاقے میں بمباری ہو رہی ہے لیکن انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے صحافی بھی لاعلم ہیں۔
بیلا حدید نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کے پاس جانے کی کوئی جگہ نہیں، ان کے بچے شہید ہو رہے ہیں لہٰذا اب جنگ بندی کی جائے۔
جوبائیڈن کو لکھے گئے خط میں فنکاروں نے کہا کہ تمام زندگیاں اہم ہیں، عقیدہ اور نسل سے قطع نظر فلسطینی اور اسرائیلی شہریوں کا قتل قابلِ مذمت ہے۔