صدر مملکت آصف زرداری کو چیئرپرسن بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کی جانب سے بریفنگ دی گئی اور وظائف کی تفصیلات بتائی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر کو بےنظیر کفالت، تعلیمی وظائف، اسکالرشپس اور نشونماپروگرامز پربھی بریف کیا گیا، آصف زرداری نے اس موقع پر کہا کہ بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار کو مزید بڑھانا ہوگا، پسماندہ طبقات کی فلاح کیلئے پروگرام سے مستفید افراد کی تعداد بڑھائیں۔
صدر نے بےنظیرانکم اسپورٹ پروگرام کا دفتر گوادر میں قائم کرنے کی ہدایت کی، صدر نے بینکوں کی جانب سے بےنظیر کارڈ ہولڈرز سے0.45 فیصد سروس چارجز کٹوتی کا بھی نوٹس لیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ سروس چارجز ختم کرنے کیلئےاسٹیٹ بینک سے رابطہ کیا جائے، بینکوں سے انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے اکاؤنٹ کھولنے کا کہا جائے۔
انھوں نے کہا کہ ادائیگی کے جدید نظام سے پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کو استحصال سے بچائے جاسکےگا، صدر نے زیادہ سے زیادہ مستحق طلبہ کو وظائف کی فراہمی کیلئے ڈونرز اور نجی سیکٹرز کی شمولیت پر زور دیا۔
صدر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کفالت پروگرام کے تحت اہل خواتین اور خواجہ سراؤں کو غیرمشروط نقد رقم فراہم کی جارہی ہے، 93 لاکھ اہل خاندانوں کے لیے 461 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے 97 لاکھ بچے مستفید ہو سکیں گے، 10 ہزار طلبہ کو وظائف کی فراہمی کیلئے 1.7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔