پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہر چیز میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی نقل کر رہی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے ن لیگ کی نائب صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت کارڈ جیسا منصوبہ دینے میں ناکام ہے۔ مریم ہر چیز میں علی امین کی نقل کر رہی ہیں لیکن صحت کارڈ میں نہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مریم نواز تاحال پی ٹی آئی کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا رہی ہیں، پنجاب حکومت نے رمضان پیکیج صرف لیگی کارکنوں میں تقسیم کی۔ ہمیں خوشی ہوگی اگر وہ صحت کارڈ منصوبے کی بھی کاپی کریں کیونکہ پنجاب کو ایئر ایمبولینس کی نہیں بلکہ صحت کارڈ جیسے منصوبے کی ضرورت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مریم نواز نے صحت کا سارا بجٹ جاتی امرا کے لیے مختص کیا ہے، پہلے وہ پنجاب کے عوام کو صحت کارڈ جیسا انقلابی منصوبہ دیں پھر ایئر ایمبولینس کا ڈراما کریں۔
انہوں نے کہا کہ چوتھی بار وزیراعظم کا خواب دیکھنے والے نواز شریف اب تندوروں کے دورے کر رہے ہیں۔ وہ لندن بھاگنے کی کوشش میں ہیں مگر بری طرح پھنس گئے ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی سخت سیاسی حریف ہیں جن کی آپس میں زبانی جنگ اب حکومتی نمائندوں تک جا پہنچی ہے۔