صوبہ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ حکومت نے کل پھر 9 مئی کرنے کا منصوبہ بنایا تھا مگر ہمارے پر امن کارکنوں نے اسے ناکام بنا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کل جس طرح اسلام آباد جلسہ میں شرکت کرنے والے ہمارے پر امن کارکنوں پر شیلنگ کی گئی، لاٹھیاں برسائی گئیں اور طے شدہ راستوں کو بند کر کے کارکنوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پولیس پر پتھراؤ کی جھوٹی کہانی بھی گھڑی گئی۔ اشتعال دلانے کا مقصد جھوٹے مقدمات اور آئندہ جلسے کے لیے این او سی نہ دینے کا بہانہ بنانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود عوام نے جلسے میں بھرپور شرکت کی۔ عوام کا سمندر ریفرنڈم تھا اور ثابت ہوا کہ حکومت کتنی حواس باختہ ہو چکی۔
مشیر کے پی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا سے وزیراعلیٰ علی امین کی قیادت میں کثیر تعداد میں عوام نے جلسے میں شرکت کی جب کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے ہزاروں کارکن جلسہ گاہ نہیں پہنچ سکے۔