نہانے کیلیے کون سا وقت بہترین ہے؟ ماہرین کا اہم مشورہ

بہت سے لوگ اس سوچ میں فکرمند رہتے ہیں کہ غسل کرنے یا نہانے کیلیے بہترین وقت کیا ہے؟ صبح سویرے یا پھر رات کو سونے سے پہلے؟ ۔

اس حوالے سے امریکی محققین نے اس سوال کا تحقیقی جواب دے دیا ہے، معروف ویب سائٹ "ویری ویل ہیلتھ”مین شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ سونے سے ایک یا دو گھنٹے قبل نیم گرم پانی سے غسل کرلیں تو آپ کو جلد اور پرسکون نیند آئے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ رات کو نہانا نیند کے لیے کئی حوالوں سے مفید ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ قدرتی طور پر جسم کا درجہ حرارت دن میں بڑھتا ہے اور رات کو بتدریج کم ہونے لگتا ہے جو دماغ کو سونے کا اشارہ دیتا ہے، نیم گرم پانی سے نہانا اس عمل کو تیز کر دیتا ہے۔

تحقیقی رپورٹ کے مطابق سونے سے پہلے نہانے سے نہ صرف نیند جلد آتی ہے بلکہ اس کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے، یعنی آپ گہری اور متواتر نیند سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

نہانے کے بعد جسم میں آنے والی ٹھنڈک نیند کے لیے مطلوبہ جسمانی درجہ حرارت کو حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے، صرف 10 منٹ کا نیم گرم غسل بھی یہ اثر پیدا کر سکتا ہے۔

اس کے علاوہ اگر کوئی شخص صبح کے اوقات میں نہانا پسند کرتا ہے تو یہ بھی غلط نہیں، صبح کا نہانا تازگی دیتا ہے، مردہ جلد کو صاف کرتا ہے اور دن کی شروعات کو بہتر بناتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آپ صبح کے وقت ورزش کرتے ہیں تو نہانا لازمی ہو جاتا ہے۔

"ویری ویل ہیلتھ” نے تجویز دی کہ اگر آپ کو نیند آنے میں دشواری ہوتی ہے، صبح سستی محسوس ہوتی ہے یا دن بھر تناؤ کا شکار رہتے ہیں، تو سونے سے کچھ دیر قبل نیم گرم پانی سے نہانے کی عادت اپنائیں۔ یہ آپ کے جسم اور دماغ دونوں کو سکون دے گا اور نیند میں بہتری لائے گا۔