کراچی : شہر قائد کے ایک نوجوان جھونپڑیوں میں رہنے والے غریب بچوں کے بہتر مستقبل کیلیے قابل فخر اور قابل تقلید کارنامہ انجام دے رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک کے دیگر صوبوں کی طرح صوبہ سندھ میں آج بھی ہزاروں غریب بچے بنیادی تعلیم حاصل کرنے سے تاحال محروم ہیں۔
شہر قائد کے ایک نوجوان نے ایسے غریب بچوں کو تعلیم دینے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ یہ نوجوان کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں عظیم گوٹھ کی کچی بستی میں رہنے والے بچوں کو بغیر کسی معاوضے کے بنیادی تعلیم فراہم کررہا ہے۔
شبیہہ الحسن جھونپڑ پٹی میں رہائش پذیر خانہ بدوش بچوں کو تعلیم و ہنر کے زیور سے آراستہ کرکے انہیں ایک مہذب شہری بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شبیہہ الحسن نے بتایا کہ ان کا یہ کام کرنے کا مقصد ایسے غریب نادار بچوں کو بنیادی تعلیم اور تربیت دینا ہے جن کے والدین کسی پرائیویٹ اسکول کی فیس ادا نہیں کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میرے پاس تقریباً 100 کے قریب طلباء و طالبات ہیں میں ان کو اردو انگریزی ریاضی پڑھانے کے ساتھ ساتھ سماجی سرگرمیوں سے متعلق بتاتا ہوں، تاکہ ان میں اٹھنے بیٹھنے کا سلیقہ آجائے۔
س نوجوان کا غریب اور مستحق بچوں کو تعلیم دینے اور زندگی کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کر کے ایک کامیاب شہری بنانے کا یہ عمل تعلیم کو عام کرنے اور معاشرے میں سدھار لانے کیلئے ایک مثبت قدم ہے۔