جوبائیڈن نے چین کو ’ٹکنگ ٹائم بم‘ قرار دے دیا

جو بائیڈن

واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن نے چین کو معاشی مسائل کی وجہ سے ’ٹکنگ ٹائم بم‘ قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ چین کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔

امریکی ریاست یوٹاہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے چین کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کچھ مسائل ہیں، یہ اچھا نہیں ہے کیونکہ جب برے لوگوں کے مسائل ہوتے ہیں تو وہ برے کام کرتے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق صدر جوبائیڈن نے کہا کہ چین اس وقت مشکل میں ہے اور وہ اسے نقصان نہیں پہنچانا چاہتے بلکہ بیجنگ کے ساتھ ایک معقول تعلقات کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے چین کی جی ڈی پی نمو کو غلط قرار دیتے ہوئے اس کی معیشت کو ’ٹائم بم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کو کمزور ترقی سمیت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ملک کی شرح نمو کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر حالیہ دنوں چین کو ہدف تنقید بنارہے ہیں، جون میں بھی ایک تقریب سے خطاب میں بائیڈن نے چینی صدر شی جن پنگ کو ’ڈکٹیٹر‘ قرار دیا تھا جس کے رد عمل میں چین نے امریکی صدر کے بیان کو اشتعال انگیزی قرار دیا تھا۔