بائیڈن کے پالتو کتے ’’کمانڈر‘‘ نے 7 امریکی خفیہ ایجنٹس کو کاٹ لیا

امریکی صدر جو بائیڈن کے کتے نے وائٹ ہاؤس کے ہی خفیہ ایجنٹوں کو نشانے پر رکھ لیا ہے اور اب تک 7 ایجنٹس کو کاٹ چکا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر جو بائیڈن کے پالتو کتے ’’کمانڈر‘‘ نے وائٹ ہاؤس میں تعینات 7 خفیہ ایجنٹس کو کاٹ لیا ہے جن میں سے ایک کو تو اسپتال بھی منتقل کرنا پڑا ہے۔ یوں تواتر سے خفیہ ایجنٹس کو کاٹنے سے لگتا ہے کہ کتے نے انہیں ہی اپنے نشانے پر رکھ لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سگ گزیدگی کے یہ واقعات گزشتہ سال چار ماہ کے دوران پیش آئے جس میں 3 نومبر کو سیکریٹ سروس افسر کو اس کے بازو اور ران پر کاٹا جس کو علاج کے لیے مقامی اسپتال بھیجا گیا۔ اس کے ایک ہفتے بعد ہی 10 نومبر کو کینیڈی گارڈن میں خاتون اول جل بائیڈن کے ساتھ چہل قدمی کے دوران کمانڈر ایک بار پھر بپھر گیا اور ایک اور افسر کی ران پر کاٹ لیا۔

کمانڈر نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ کچھ ہفتوں بعد ایک اور سیکرٹ سروس افسر کے ہاتھ اور بازو پر کاٹ کر جلد پھاڑ دی۔ ایک ماہ بعد اس نے صدر کی ریاست ڈیلاویئر میں ولیمنگٹن رہائش گاہ پر ایک سکیورٹی ٹیکنیشن کی کمر پر کاٹ لیا۔

کچھ دن بعد ایک اور افسر ںے کہا کہ انہوں نے ایک کرسی کے ذریعے صدر کے کتے کے حملے سے خود کو بچایا۔

اس معاملے پر امریکی صدارتی محل وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا یہ مضحکہ خیز بیان سامنے آیا ہے کہ یہ امریکی صدارتی محل کا دباؤ ہے جو پالتو کتے پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔

یہ وائٹ ہاؤس کا دوسرا کتا ہے جس نے اس قدر جارحانہ رویے کا مظاہرہ کیا ہو۔ اس سے قبل امریکی صدر بائیڈن کے ایک اور پالتو کتے ’میجر‘ (’فرسٹ ڈاگ‘) کو بھی اسی طرح کے برتاؤ کی وجہ سے سرکاری رہائش گاہ سے ہٹا دیا گیا تھا۔