عمران خان کی جانب سے آج بڑے اعلانات متوقع

پاکستان تحریک انصاف آج لبرٹی چوک لاہور میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی جس میں چیئرمین عمران خان کی جانب سے بڑے اعلانات متوقع ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آج شام لبرٹی چوک لاہور میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے جس سے پارٹی چیئرمین عمران خان اہم خطاب کریں گے اور اس میں بڑے اعلانات متوقع ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی تقریر کے ابتدائی نکات تیار کرلیے ہیں اور اس میں این آر او ٹو کو ہدف تنقید بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اپنے خطاب میں این آر او ٹو سے فائدہ اٹھانے والے افراد کے کیسز کو نشانے پر رکھیں گے اور نیب کیسز میں مریم نواز، حمزہ شہباز اور دیگر کی بریت کے خلاف قانونی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان اپنے خطاب میں اسمبلیوں سے باہر نکلنے کے فیصلے کی وجوہات سے عوام کو آگاہ کریں گے اور موجودہ پی ڈی ایم حکومت کی نا اہلی اور مذموم سازشوں کو بے نقاب کریں گے۔

سابق وزیراعظم اپنے خطاب میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی بحران پر بھی اپنے رائے دیں گے اور ان بحرانوں سے نکلنے کے لیے ایک بار پھر قبل از وقت انتخابات کا اپنا مطالبہ دہرائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان آج حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی پر بھی بات کریں گے اور حکومت کی جانب سے جاری انتقامی کارروائیوں سے بھی عوام کو آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے آج اسمبلیوں کی تحلیل کی حتمی تاریخ دینے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔