پاکستان کے اداکار بلال قریشی نے کہا ہے کہ اداکاراؤں کو بولڈ لباس پہننے سے گریز کرنا چاہیے یہ ہمارے کلچر اور اقدار کے خلاف ہے۔
پاکستان میں بہت سی ایسی اداکارائیں ہیں جو بولڈ لباس پہنتی ہیں اور وہ بار بار اپنے لباس کے انتخاب کے لیے سوشل میڈیا پر ٹرول کی جاتی ہیں، پاکستان کے اداکار بلال قریشی نے پوڈ کاسٹ پر اس طرح کے لباس پہننے کے بارے میں اپنی رائے بھی شیئر کی۔
بلال قریشی کا پوڈ کاسٹ میں کہا کہ مجھے مہنگے لباس سے زیادہ مکمل لباس پسند ہے، ہر ایک کی اپنی پسند ہے لیکن میں اپنی انڈسٹری کی خواتین سے درخواست کروں گا کہ اداکارائیں بولڈ لباس پہننے سے گریز کریں۔
اداکار نے کہا کہ انڈسٹری کی تمام خواتین بے حد خوبصورت اور ٹیلنٹڈ ہیں انہیں بولڈ لباس پہن کر خوبصورت لگنے کی ضرورت نہیں ہے، یہ ہمارے کلچر کا حصہ بھی نہیں ہے۔
بلال قریشی نے کہا کہ میں کسی مذہبی بحث میں پڑنا نہیں چاہتا لیکن سچ تو یہ ہے کہ ہماری کچھ اخلاقی اور معاشرتی اقدار ہیں جن کی عزت اور خیال کرنا چاہیے۔
اداکار بلال قریشی کا مزید کہنا تھا کہ حد میں رہنا ایک خوبصورتی ہے، میری بیوی اور بہنوں نے کبھی بولڈ لباس نہیں پہنا پھر بھی وہ خوبصورت نظر آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عزت کی نہیں جاتی عزت کروائی جاتی ہے، ہمارے سامنے واہ واہ کرنے والے بھی اس طرح کے ملبوسات پر بعد میں برائی کرتے ہیں، اسی طرح سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔