اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکال دیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے کہا ہے کہ پی پی رہنما بلاول بھٹو زرداری اور سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کے نام وزارتِ داخلہ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیے۔
[bs-quote quote=”گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے دونوں کے نام ای سی ایل سے نکالنےکی منظوری دی تھی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
سپریم کورٹ نے دونوں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا، جب کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے دونوں کے نام ای سی ایل سے نکالنےکی منظوری دی تھی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہزاد اکبر کہتے ہیں کہ اب کیس نیب کے پاس ہے، نیب نے درخواست کی تو دونوں کے نام دوبارہ ای سی ایل میں ڈالے جا سکتے ہیں۔
بیرسٹر شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ عدالت نے جے آئی ٹی سے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کے نام ڈلیٹ کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے بلاول، مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا
انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر جے آئی ٹی اپنا کام بدستور جاری رکھے گی اور قومی احتساب بیورو کی معاونت کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ نے بلاول بھٹو اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کابینہ کے اراکین نے عدالتی احکامات کی روشنی میں نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی رائے دی تھی۔