پنجاب میں تحریک انصاف کی شاندار کامیابی: پیپلز پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب

بلاول

کراچی : پنجاب میں حکومتی اتحاد کو شکست کے بعد پیپلزپارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ، جس میں آئندہ کی حکمت عملی پرمشاورت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی شاندار کامیابی کے بعد پیپلزپارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو پارٹی کے ہنگامی مجلس عاملہ اجلاس کی صدارت کریں گے، ترجمان پیپلزپارٹی نے بتایا کہ سی ای سی کا اجلاس آج شام چار بجے بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگا۔

ہائبرڈ میٹنگ میں شرکا ذاتی طور پراور بذریعہ ویڈیو کانفرنس شریک ہوں گے، اجلاس میں پی ٹی آئی کی جیت پر آئندہ کی حکمت عملی پرمشاورت ہوگی۔

خیال رہے تحریک انصاف نے پنجاب میں میدان مارلیا اور پی ڈی ایم امیدواروں کوشکست دے دی، پی ٹی آئی نے بیس میں سے پندرہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن چارنشستوں پر کامیاب ہوئی جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے پی ٹی آئی نے مطلوبہ گولڈن نمبرایک سوچھیاسی عبورکرلیا ہے ، پنجاب میں ق لیگ کی سیٹیں ملا کر پی ٹی آئی کے پاس نشستوں کی تعداد ایک سواٹھاسی ہوگئیں۔