کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی کو پانچویں مرتبہ وزیر اعظم بنا دے، بلاول بھٹو

کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی کو پانچویں مرتبہ وزیر اعظم بنا دے، بلاول بھٹو

گوجرانوالہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی کو پانچویں مرتبہ وزیر اعظم بنا دے۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ پرانے سیاستدان ہیں جو سمجھتے ہیں طاقت کا سرچشمہ کہیں اور ہے لیکن عوام نے ان کو غلط ثابت کرنا ہے اور 8 فروری کو بتانا ہے عوام اپنی مرضی سے ووٹ اور حکومت منتخب کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک سوال کیا گیا الیکشن وقت پر ہوں گے؟ (ن) لیگ کے دوستوں پر فیصلہ چھوڑتے تو الیکشن وقت پر نہ ہوتے، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلہ سنا دیا ہے فروری 8 کو الیکشن ہوں گے، 8 فروری کو ایسا سرپرائز دینا ہے کہ رائے ونڈ کو ہمیشہ یاد رہے۔

متعلقہ: جو 3 بار فیل ہو چکا وہ چوتھی بار کیا تیر مار لے گا، بلاول بھٹو

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ 3 بار خود اور چوتھی مرتبہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے حکومت چلائی ہے، اب یہ سیاستدان پانچویں مرتبہ پھر حکومت مانگ رہے ہیں، 3 بار خود اور چوتھی مرتبہ بھائی کو وزیر اعظم بنا کر یہ ناکام رہے، اب پانچویں مرتبہ وزیر اعظم بن کر کون سا تیر مار لیں گے؟ ہم الیکشن لڑیں گے اور ان کا مقابلہ کریں گے لیکن کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آئی جے آئی بنائی گئی تاکہ بے نظیر بھٹو کا راستہ روکا جائے، وزیر اعظم بننے کے بعد اس کو ہٹایا گیا تو کہتا ہے ’مجھے کیوں نکالا‘، دوسری مرتبہ خونی سازش کے تحت دوبارہ وزیر اعظم بنا، یہ ان ہی لوگوں سے ٹکرایا جس نے اسے وزیر اعظم بنایا تھا، حکومت سے نکل گیا تو کہتا ہے ’مجھے کیوں نکالا‘، 10 سال سعودی عرب میں چھٹیاں گزاریں پھر واپس آیا، اس شخص کو پھر دو تہائی اکثریت دلوائی گئی تو ان لوگوں سے پھر لڑا، لڑائی کر کے باہر آیا تو کہتا ہے ’مجھے کیوں نکالا‘، آج بھی لکھ لو دوبارہ سہارے کے ذریعے وزیر اعظم بنے گا تو ان سے پھر لڑے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان 2024 میں داخل ہو رہا ہے اب نئی سیاست کرنی چاہیے، یہ نہیں ہو سکتا کہ عمر 70 سال ہے اور کہتا ہے نوجوانوں کی نمائندگی کرتا ہوں، سیاسی میدان میں پاکستان کو ترقی دلوانی ہے تو ایک ہی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ پی ٹی آئی کو محسوس ہو رہا ہوگا کہ جب سب کو چور کہہ رہا تھا آج ان پر الزام لگا ہے، پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کا الیکشن لڑنے کا ذاتی مقصد ہے، ایک نے خود کو جیل سے نکالنا ہے ایک نے خود کو جیل سے بچانا ہے، مجھے جیل کی فکر ہے نہ نیب کی فکر ہے مجھے صرف عوام کی فکر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نے الیکشن آگے بڑھانے کی کوشش کی تو ہم جدوجہد کریں گے۔