اسلام آباد : وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قسمت کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بیشتر چیلنجز کا سامنا ہے ، سیلاب، موسمیاتی تبدیلی، کابل کی صورتحال، یوکرین اور روس تنازع کے اثرات ہیں، ان سب کیساتھ ہمیں اندرونی چیلنجز کا بھی سامنا ہے لیکن یقین ہے ہمارے عوام ملکران چیلنجزمیں نمٹنے میں کامیاب ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہواہے، ہم افغان حکام سےرابطےمیں ہیں اور افغان حکام سے دہشت گرد گروپوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دورہ عراق کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق، پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کےدرمیان تاریخی، مذہبی اورثقافتی تعلقات ہیں، عراق سےمعاشی تجارتی شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔
سیلاب کی مد میں ملی امداد کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متعلق جو امداد ملی وہ بحالی کے کاموں کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، امداد میں کرپشن پر قیاس آرائیوں سے متعلق باتوں میں کوئی صداقت نہیں، 2005 کے زلزلے، 2010 اور 11 کے سیلاب ، ابتک کی امداد میں کوئی کرپشن ثابت نہ کرپایا۔
آئی ایم ایف سے معاہدے سے متعلق بلاول بھٹو نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بھی رابطے میں ہیں، امید ہے جلد نیا پروگرام ہوگا۔
دوست ممالک سے تعلقات کے حوالے سے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں، چین کے ساتھ ہمارے بہترین تعلقات ہیں، سی پیک پاکستان اورچین کے عوام کیلئےخوشحالی کا باعث ہے، ہماری حکومت کا مقصد ہے کہ تمام ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط کریں۔
نو مئی کے پیش آنے والے واقعات کے حوالے سے سوال ان کا کہنا تھا کہ نو مئی کو جو ہواپاکستان کے عوام ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں، جو لوگ فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث تھے، انھیں قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کی قسمت کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔