چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کو تنقید نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کس خوشی میں ایک شخص کو چوتھی بار وزیر اعظم مان لیں؟
بدین میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں جبکہ ان صاحب کے پاس نہ منشور ہے، نہ نظریہ ہے، نہ وہ انتخابی مہم چلا رہا ہے اور نی ہی ووٹ مانگ رہا ہے، دراصل وہ صاحب سازشوں کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ صاحب کرسی کیلیے جو سیاست کر رہے ہیں وہ نفرت اور تقسیم کی ہے، وہ کرسی کیلیے پاکستان اور عوام کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ان کو عوام کی فکر نہیں بلکہ چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی فکر ہے، جب بھی اس شخص کو وزیر اعظم بنایا گیا تو نقصان عوام اور پاکستان کے غریبوں کا کیا گیا۔
متعلقہ: حکومت آئی تو بھارت کو مناؤں گا کہ ملکر مسئلہ کشمیر کا حل نکالیں، بلاول بھٹو
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور تیر کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) اور شیر سے ہے، دو جماعتیں الیکشن میں آپس میں مقابلہ کر رہی ہیں، یہ وہ شیر ہے جو عوام کا خون چوستا ہے لیکن ہم اس کا شکار کریں گے اور اس کو چوتھی بار وزیر اعظم نہیں بننے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو تین بار موقع دیا جاہتا ہے اور ہر بار ناکام ہوتا ہے، اب کس خوشی میں اس شخص کو چوتھی بار ملک کا وزیر اعظم مانیں؟
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ملک بھر میں جدوجہد کر رہی ہے، عوام ووٹ دیں تاکہ عوامی حکومت قائم ہو اور ہم آپ کے مسائل کا حل نکال سکیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو الیکشن مہم چلارہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم کیلیے میں پارٹی کا امیدوار ہوں، اپنا منشور لے کر ہر صوبے کے عوام کے پاس جا رہا ہوں، اگر آپ مجھے موقع دیتے ہیں تو 10 نکاتی معاشی معاہدے پر عمل کروں گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں وزیر اعظم بنتا ہوں تو ان تمام نکات پر عمل درآمد کروں گا، میں وزیر اعظم بن کر مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کا مقابلہ کروں گا، گھر گھر جائیں اور پوچھیں کیا آپ کا موجودہ تنخواہ پر گزارا ہوتاہے؟ لوگوں کو بتائیں ہم حکومت بنا کر آپ کی تنخواہوں اور آمدن ڈبل کریں گے۔