واحد سیاستدان ہوں جو صرف عوام کی طرف دیکھ رہا ہے، بلاول بھٹو

واحد سیاستدان ہوں جو صرف عوام کی طرف دیکھ رہا ہے، بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میں واحد سیاستدان ہوں جو عوام کی طرف دیکھ رہا ہے اور ان سے ووٹ مانگ رہا ہے۔

کوٹ ادو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دیگر سیاستدان خلائی مخلوق سے امید رکھے بیٹھے ہیں، میں ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ ہوں اور مجھے سکھایا گیا ہے کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام میرا ساتھ دیں تمام مسائل کا مقابلہ کر سکتے ہیں، کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان کو اس معاشی بحران سے نہ نکال سکیں، دیگر سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں اور امیروں کو ریلیف دیتی ہیں، آپ میرے ساتھ دیں تو پہلی بار اشرافیہ اور امیروں کو تکلیف مگر عام آدمی کو ریلیف پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن دو جماعتوں کے درمیان مقابلہ ہے، آپ سب اپنے جاننے والوں کو سمجھائیں اس بار ووٹ ضائع نہ کریں، مقابلہ 2 جماعتوں میں ہے تو سوچیں کس جماعت کو چاہیں گے؟ کیا وہ جماعت چاہیں گے جس نے 4 دفعہ وزارت عظمیٰ کاعہدہ سنبھالا؟ اب وہ اپنی جماعت کیلیے چاہتے ہیں پانچویں دفعہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالیں۔

(ن) لیگی پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے آج تک کوٹ ادو کو یونیورسٹی تک نہیں دی، یہ تو کہتے ہیں پنجاب میں دودھ شہد کی نہریں بہادی ہیں، لاہور میں جس حلقے سے الیکشن لڑ رہا ہوں وہاں پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں لگتا تھا لاہور کے مسئلے حل کیے ہوں گے لیکن اب پتا چلا شوبازی سے کام نہیں چلتا، یہ تیر ہی ہے جو سازش کو ناکام اور شیر کا شکار کر سکتا ہے، تیر پر مہر لگائیں تاکہ مستقبل کے فیصلے آپ کے اپنے ہاتھ میں ہوں۔