بلاول بھٹو نے (ن) لیگ پر تیر برسا دیے

بلاول بھٹو

لیاقت پور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شیر کو صرف یہی فکر ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے چوتھی بار وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھ جائیں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے کل شیر نظر آیا تھا کہیں ایسا نہ ہو جلسے میں لوگوں کی تعداد دیکھ کر واپس گھر میں چھپ کر بیٹھ جائے، کہیں ایسا نہ ہو آپ کا جوش اور جذبہ دیکھ کر شیر ڈر کر چھپنا شروع ہو جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاہور کے سیاستدانوں کو پیغام ہے ہم ڈرنے والے نہیں بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پنجاب کی سرزمین پر کھڑا ہو کر لاہور کو سیاستدانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں، ہم ڈرنے، گھبرانے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ شیر وہ ہے جو عوام کا خون چوستا ہے اور اس کا پیٹ نہیں بھرتا، تین بار وزیر اعظم بن کر خون چوستے ہوئے پیٹ نہیں بھرا اب چوتھی بار بننا چاہتا ہے، ماضی میں جنہوں نے اسے دو تہائی اکثریت دی یہ انہیں کے ساتھ ٹکرائے، دوسری بار ناکام شخص کو ایک بار پھر مسلط کر کے دو تہائی اکثریت دلائی لیکن مسلط ہونے کے بعد بھی انہی لوگوں سے ٹکرایا۔

انہوں نے کہا کہ چوتھی بار بھی مسلط ہو کر وہی رونا دھونا ہوگا کہ مجھے کیوں نکالا، اس صوبے کے لوگ میاں صاحب کو چوتھی بار وزیر اعظم نہیں دیکھنا چاہتے، ایک بار بلاول بھٹو پر اعتماد کریں میں ان کا راستہ روکوں گا اور اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی حکومت بنے گی تو جنوبی پنجاب کی جدوجہد مکمل کروں گا، پنجاب کے ہر ضلع اور لیاقت پور میں مفت علاج کا اسپتال بناؤں گا، میں ہر ضلع میں یونیورسٹی کھولوں گا۔