مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہم ملک کے مسائل کا مستقل حل چاہتے ہیں جس میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں مہنگائی کے ستائے عوام تمام پاکستانیوں کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ جلد وزیراعظم سے ملیں گے ان کا پلان بھی سمجھنے کی کوشش کریں گے، اپنا پلان بھی ان کو بتائیں گے اگر وفاق ساتھ دے تو ہم عوام کو زیادہ ریلیف دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی کو وفاق میں موقع ملا تو پورے ملک میں اس قسم کے حل نکالیں گے ابھی کے لیے جو ذمہ داری سندھ اور بلوچستان میں ہے وہ نبھا رہے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ غریب ترین طبقے کو سپورٹ کیا جائے، ن لیگ نے بجلی سستی کرنے کا اعلان کیا ہے اس کو سپورٹ کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جب بھی صوبائی، وفاقی حکومت مل کر فیصلے کرتے ہیں تو نتیجہ اچھا نکلتا ہے، وفاقی حکومت بلوچستان، سندھ میں ٹیوب ویل کو سولرائزڈ کرنے جارہی ہے یہ بہت اچھا منصوبہ ہے اس سے عوام کو مہنگائی سے ریلیف پہنچا سکتے ہیں۔