لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ قانونی جنگ عدالت میں اور سیاست دانوں سے سیاسی جنگ لڑیں گے، سیاسی حملوں کا جواب سیاست سے دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کا مقابلہ پہلے بھی کیا آج بھی کرسکتے ہیں، ن لیگ دور میں بھی اپوزیشن کو ساتھ رکھنے کے لیے کردار ادا کیا، پیپلزپارٹی کے پاس اب بھی اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان میں ملاقات ہوتی رہتی ہے، گرینڈ الائئنس کی طرف کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے، 18ویں ترمیم کے ذریعے آئین کی اصل شکل بحال کی اس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹی اور جعلی ہے پولیٹیکل انجینئرنگ اس کا مقصد ہے، جے آئی ٹی رپورٹ پر قانونی طریقے سے عدالت میں جواب دے رہے ہیں، پیپلزپارٹی کی کردار کشی ماضی میں بھی ہوتی رہی ہے۔
مزید پڑھیں: جھوٹے الزام پر پھانسی قبول، قبر تک عوام کی خدمت کروں گا، آصف زرداری
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آصف زرداری آج بھی مقدمات کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، وہ خود پیش ہوئے جے آئی ٹی کو لکھ کر جواب دئیے، آصف زرداری کے جوابات کو جے آئی ٹی رپورٹ میں جان بوجھ کر سینسر کیا گیا، رپورٹ میں آصف زرداری کا دفاع موجود ہی نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک سال کا بچہ تھا سنتا رہا آصف زرداری گرفتار ہونے والے ہیں، ہم عام اور نظریاتی سیاست دان ہیں جیلوں سے ڈرتے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سیاست پر تبصرہ کریں گے تو ٹرین کون چلائے گا، معیشت تباہ ہورہی ہے، حکومتی وزیر اور نمائندے اپنا کام کریں۔