وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران اماراتی ہم منصب عبداللہ بن زید سے ملاقات کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جو گزشتہ روز دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے ان کی اماراتی ہم منصب عبداللہ بن زید سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے یو اے ای کے شاہی خاندان کے شیخ سعید بن زید کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یو اے ای کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید سے مل کر خوشی ہوئی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر یو اے ای حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔