اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی آج اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بلاول بھٹو نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی جو ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہی، یہ ملاقات دوپہر زرداری ہاؤس میں ہوئی تھی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ثمر ہارون بلور نے بھی ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ثمر ہارون بلور کے پیپلز پارٹی سے معاملات طے پائے جانے کا امکان ہے اور وہ پارٹی میں شمولیت بھی اختیار کر سکتے ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی نے بجٹ سیشن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سینئر پارٹی رہنما خورشید شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی بجٹ سیشن میں شرکت نہیں کرے گی، پی ایس ڈی پی کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی نے شرکت بھی کی تو صرف دو ارکان ہی جائیں گے، کہا گیا تھا پی ایس ڈی پی بیٹھ کر تیار کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، تنخواہوں اور کسانوں سے متعلق وعدے پورے نہیں کیے گئے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت اور ہم ایک کشتی کے سوار ہیں دونوں کو نقصان برابر ہوگا، اس نقصان سے بچنے کیلیے ہماری بات مانی جائے۔
بعدازاں، وزیر خارجہ اسحاق ڈار پیپلز پارٹی کی قیادت کو اجلاس میں شرکت کیلیے منانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ خورشید شاہ اور نوید قمر اسحاق ڈار کے ہمراہ ایوان میں چلے گئے تھے۔
(ن) لیگی وفد کے ساتھ ملاقات ختم ہونے کے بعد جب صحافی نے بلاول بھٹو سے پوچھا کہ کیا وہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے تو انہوں نے جواب میں کہا کہ میں تو گھر جا رہا ہوں۔