کوئٹہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ووٹ کو عزت دلائیں بے عزتی نہ کریں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب سے مطالبہ ہے کہ وہ انتظامیہ کے بجائے اپنے منشور پر الیکشن لڑیں، اسی میں ان کی، میری اور ملک کی بہتری ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر الیکشن میں کچھ لوگ تاثر دیتے ہیں کہ ان کی حکومت آ رہی ہے لیکن تاثر دینے والوں کو بہترین جواب عوام ہی دے سکتے ہیں، ہر سیاسی جماعت کی یہی کوشش ہوتی ہے الیکشن جیتے۔
متعلقہ: جمہوری جماعتیں ناکام ہوں گی تو کوئی اور طاقت ہماری جگہ لے گی، بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے پاکستان میں نئی سیاست متعارف کروائیں، تقسیم، نفرت اور انا کی سیاست ختم ہو، ذاتی دشمنی پر سیاست پہنچ چکی ہے جو ہمارے اور نہ ہی ملک کیلیے بہتر ہے، چاہتے ہیں سب مل کر کام کریں الیکشن مہم چلائیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ سربراہ پی ٹی آئی اور نواز شریف وزیر اعظم کا نعرہ لگا کر تو اپنی مہم نہیں چلاؤں گا، مہم میں جا کرمیں کیوں دوسری پارٹی کے سربراہوں کی بات کروں، میرے نظریاتی اختلافات ہیں ان کی اپنی اور میری اپنی تاریخ ہے، الیکشن کے دوران میں اپنے منشور پر چلوں گا۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو عام انتخابات ہیں جس میں سرپرائز دیں گے، یقین ہے ہماری جدوجہد اور محنت جاری رہے گی، پیپلز پارٹی ہی انتخابات میں کامیاب ہوگی اور بلوچستان میں بھی حکومت بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، اگر میں کہوں کہ فلاں کھلاڑی یا فلاں بندہ ہمارا مخالف ہے تو یہ غلط بات ہوگی، ہمارا کوئی مخالف ہے تو وہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری ہے، عوام کے ساتھ مل کر ان تمام مسائل سے ملک کو نکالیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باقی جماعتوں کا لیول پلئینگ فیلڈ کا مطالبہ حالات کے مطابق ہے لیکن پیپلز پارٹی کا شروع سے ہی لیول پلئینگ فیلڈ کا مطالبہ رہا ہے۔