کراچی : وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سوال کیا کہ نو مئی کی سازش نائن زیرو، بلاول ہاؤس یا رائے ونڈ سے پلان ہوتی تو ردعمل کیا ہوتا؟
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات پر کہا کہ ہم یہ کیسے برداشت کر سکتے ہیں کہ جناح ہاؤس اور شہیدوں کی یادگاریں جلادی جائیں، فوجی تنصیبات جہاں بھارت کے لوگ نہیں آسکے ان پر حملے کیے گئے، یہ سب بھول گئے تو ملک چلانا ناممکن ہوجائے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نائن زیرو یا بلاول ہاؤس یا رائیونڈ میں اس قسم کی سازش بنائی جاتی تواس کاردعمل کیاہوتا؟
پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم تو کب سے اس پر پابندی لگاسکتےتھےمگرہم سیاسی انتقام نہیں چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن کو سندھ ہائیکورٹ سے گرفتار کرایاگیا تھا،اس وقت چیف جسٹس جیل کو دیکھتے ہوئےگڈ ٹو سی یوکہے تھے.
عمران خان کی گرفتاری سے متعلق بلاول بھٹو نے کہا کہ عدالت نے گرفتاری کےوارنٹ جاری کیے، پولیس گرفتار کرنے آئی، عمران خان نے گرفتاری دینے کے بجائے زمان پارک کومیدان میں جنگ بنادیا۔
وزیر خارجہ کا وزیراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہبازشریف ہمارے وزیراعظم ہیں، یہی مسائل حل کریں گے، کراچی کو شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے کیونکہ وزیراعظم کی ایک سالہ کارکردگی سے زمین آسمان کا فرق سامنے آیا ہے۔