چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ جنگ چھیڑی ہے تو مودی حکومت کو بتادیں گے ہم جھکنے والے نہیں۔
بھٹ شاہ میں شاہ عبد الطیف بھٹائیؒ کے عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر رات کے اندھیرے میں جنگ مسلط کی، پاکستان نے جس انداز سے دشمن کو جواب دیا وہ تاریخی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ پاکستان نے جنگ شروع نہیں کی لیکن ختم کی، عبرتناک شکست کے بعد بھارت نے ایک اور بزدلانہ سوچ کے ساتھ پاکستان کے پانی پر حملہ کیا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی سندھو دریا پر تاریخ کاسب سے بڑا حملہ ہے، بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، معطلی ہماری سرزمین پر حملہ ہے، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا مودی سندھو کا پانی روکنے اور ڈیم بنانے کی دھمکی دے گا۔
یہ پڑھیں: بھارت نہیں مانتا تو پاکستان ایک اور جنگ کرے گا اور 6 دریا ہمارے ہوں گے، بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام میں اتنی طاقت ہے کہ ہم چھ کے چھ دریا واپس حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سفارتکاری مہم ے دوران دنیا کو سندھ پر مودی کے حملے کا بتایا، ہماری ہزاروں سال پرانی تاریخ اس دریا سے جڑی ہوئی ہے، مودی کا سندھو دریا پر حملہ ہماری تاریخ اور ثقافت پر حملہ ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے ،کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، بھارت کی آبی جارحیت کےخلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی ہے۔