اسلام آباد : بلاول بھٹو کی دعوت افطار پر سیاسی دسترخوان آج بچھے گا، ایک دوسرے کے سخت مخالفین زرداری ہاؤس اسلام آباد میں آج ایک ساتھ افطار کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق افطار ڈپلومیسی کے لیے بلاول بھٹو نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو دعوت دی ہے، ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز آج دوپہر اسلام آباد پہنچیں گی، وہ اپنے داماد کے گھر ٹھہریں گی جہاں سے افطار پارٹی میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گی۔
مریم نواز افطار دسترخوان پر بلاول بھٹو زرداری سے پہلی سیاسی ملاقات بھی کریں گی، بلاول بھٹوزرداری نے حکومت مخالف محاذ گرم کرنے کے لیے جے یوآئی ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور اے این پی کےقائد اسفندیار ولی سےخود رابطہ کیا، جماعت اسلامی کے امیرسراج الحق کو بھی افطار میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کا مریم نواز سے ٹیلی فونک رابطہ، افطار ڈنر میں شرکت کی دعوت
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد نے مہنگائی کے نام پر عید کے بعد سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی بھی دے رکھی ہے۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے آج اتوار کے روز اپوزیشن پارٹیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو ٹیلی فون کرکے ان کو افطار ڈنر میں شرکت کی دعوت دی تھی۔