پی ٹی آئی کہتی تھی نیوٹرل تو جانور ہوتے ہیں، اب پوچھیں نیوٹرل بہتر تھا یا نہیں، بلاول بھٹو

پی ٹی آئی کہتی تھی نیوٹرل تو جانور ہوتے ہیں، اب پوچھیں نیوٹرل بہتر تھا یا نہیں، بلاول بھٹو

حیدر آباد (12 اگست 2025): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پہلے کہتی تھی نیوٹرل تو جانور ہوتے ہیں اب ان سے پوچھیں نیوٹرل بہتر تھا یا نہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 9 مئی کو سیاستدان اپنے دائرے میں نہیں رہے دہشتگردی کی اور دوسروں دائرے میں گھسے، سیاستدانوں کو اپنے دائرے میں رہنا چاہیے تاکہ دوسروں کو بھی کہہ سکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری جمہوریت کی صحت اتنی اچھی نہیں ہے، ہمارا آدھے سے زیادہ وقت آمریت کا گزرا ہے، چارٹرڈ آف ڈیموکریسی کی وجہ سے یہ جمہوریت نظر آ رہی ہے، ہر دور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد پر قمر جاوید باجوہ نے پیغام دیا ہم نیوٹرل ہیں، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم دور میں پاکستان میں 9 مئی کا واقعہ ہوا، ایک سیاسی جماعت نے فوج کے اداروں پر حملہ کیا جس کے نقصانات ہم ابھی تک بھگت رہے ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ فوج کے سربراہ نے ادارے کی پالیسی کے مطابق کہا تھا ہم نیوٹرل ہوں گے، ایک سیاسی جماعت کے بانی نے کہا نیوٹرل تو جانور ہوتے ہیں، کرسی کی خاطر فوج اور آرمی چیف کو نشانہ بنایا اور اندرونی سازش کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ہمیشہ سے اچھے رہے ہیں، گزشتہ 20 سال میں امریکا کی جیوپولیٹیکل کے تحت ان بیلنس کردار رہا اس سے امریکا کا اپنا نقصان ہوا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جب آپ جنگ جیت جاتے ہو تو اس کے اثرات ہوتے ہیں، سمجھتا ہوں پاکستانی عوام، فوج اور حکومت نے اپنا مقام حاصل کیا ہے، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلیے پاکستان نے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔