آصف زرداری کی گرفتاری پر شاہ محمود نے کہا تھا ادارے آزاد ہیں، بلاول بھٹو

آصف زرداری کی گرفتاری پر شاہ محمود نے کہا تھا ادارے آزاد ہیں، بلاول بھٹو

سکھر: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی گرفتاری پر شاہ محمود قریشی نے کہا تھا ادارے آزاد ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتقامی سیاست کی پہلے بھی مذمت کی اور آج بھی مذمت کرتے ہیں، کیا شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی نے اپنے مؤقف میں تبدیلی کی؟

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتقامی سیاست اور گرفتاریوں پر یقین نہیں رکھتی، کیا شاہ محمود قریشی آج سمجھتے ہیں آج ادارے آزادی کے ساتھ کام کر رہے ہیں؟

متعلقہ: بلاول بھٹو نے سائفر معاملے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

انہوں نے کہا کہ اس نفرت تقسیم اور پرانی سیاست کو دفن کر دینا چاہیے، ایک دوسرے کی رائے الگ ہو سکتی ہے لیکن دشمنیاں نہیں کرنی چاہیے، اس سائیکل کو توڑنا ہے تو سب سے پہلے پی ٹی آئی کو توبہ کرنی پڑے گی۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کا مسئلہ سکھر اور لاڑکانہ میں تو نہیں ہو رہا جہاں ہو رہا ہے ان کو جواب دینا چاہیے، بلا وجہ یہ کام کیا جا رہا ہے کسی کو الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور سے بھی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور کےعوام کیلیے یہ نہیں ہو سکتا ایک شخص کو چوتھی بار منتخب کریں، لاہور کیلیے یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک کھلاڑی دوبارہ بزدار وزیر اعلیٰ بنا دے، لاہور کیلیے یہ نہیں  ہو سکتا اسی کھلاڑی کو دوبارہ لائیں جو بزدار نامزد کرے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن میں بہترین نتائج دے گی، اس کا غربت اور مہنگائی سے مقابلہ کرنے کیلیے پلان تیار ہے، ہماری خواہش ہے تنخواہیں دگنی اور غریبوں کو مفت بجلی دیں، یہ صرف نعرہ نہیں پوری منصوبہ بندی ہے۔