اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ خان صاحب سے کہا تھا مولانا یا ن لیگی حکومت آئی تو توبہ توبہ آپ کا کیا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب سے کہتا رہا کہ دعا کریں پیپلزپارٹی کی حکومت آئے اب بھی کہتا ہوں کہ توبہ کرو مان لو کہ غیر جمہوری تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آدھا دور فوج کی حکمرانی کا رہا ہے اب بھی معاملہ جمہوری یا غیرجمہوری کی طرف جاسکتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان جمہوری رویہ اختیار کریں۔
دوسری جانب بلاول بھٹو نے خواجہ آصف کا ملک دیوالیہ ہونے کا بیان سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع نے یہ بات ایک سیاسی بیٹھنک میں کی تھی۔
انہوں نے ملک کے معاشی مسائل گنواتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک میں ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے پاکستان میں خطرات رہیں گے ٹی ٹی پی کا دوست پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا۔