پاکستان میں ہر طبقے کا معاشی قتل ہورہا ہے، بلاول بھٹو

لاہور: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مزدوروں کے حقوق سلب کیے جارہے ہیں، پاکستان میں ہر طبقے کا معاشی قتل ہورہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام دوست حکومت مزدوروں کے حقوق کے لیے ضروری ہے، عوام دوست حکومت ہی مزدوروں کے مسائل حل کرسکتی ہے، ادارے بھی آج اپنے ملازمین، مزدوروں کا معاشی قتل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مزدور کے ادارے منافع میں ہوں تو فائدہ مزدوروں کو نہیں ملتا، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کی سوچ میں فرق ہے، مزدوروں کے حقوق میں اضافہ پی پی دور میں ہوا، آئندہ بھی اضافہ پی پی دور ہوگا، دنیا بھر میں مزدوروں کے خلاف سازش چل رہی ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ دنیا میں مزدوروں کو آپس میں لڑا کر بزنس مینوں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے، مزدوروں پر آئینی اور معاشی سطح سمیت ہر طرف سے حملے ہورہے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر مزدوروں کو متحد ہونا پڑے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کے مطابق مزدوروں پر آئینی اور معاشی سطح سمیت ہر طرف سے حملے ہورہے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر کے مزدوروں کو متحد ہونا پڑے گا، مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے نئی لیبر پالیسی لانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں ہمیشہ کم سے کم اجرت کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن اداروں میں مزدوروں کا خون پسینہ ہے وہ نہیں بیچنے دیں گے، عدلیہ آزاد ہے امید ہے آج بھی مزدوروں کا ساتھ دے گی، امید ہے عدلیہ مزدوروں کے اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دے گی۔