اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری مولانافضل الرحمان کی زیرصدارت آج ہونے والی اپوزیشن کی آل پارٹیزکانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیےاپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی آج طلب کر رکھی ہے جس میں شرکت سے قبل مسلم لیگ(ن) کا اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس بھی جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹوزرداری اے پی سی میں شریک نہیں ہوں گے، بلاول بھٹوجنوبی پنجاب میں پارٹی مصروفیات کےباعث شرکت نہیں کرسکیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کی نمائندگی 4 رکنی وفدکرےگا، راجا پرویزاشرف،نیئربخاری،نویدقمر اورفرحت اللہ بابرپی پی وفدکاحصہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف کی زیر صدارت (ن) لیگ کا اہم اجلاس آج ہورہا ہے
گزشتہ روز بلاول بھٹوزرداری نے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شریک نہیں ہوگی البتہ کورکمیٹی دھرنے میں شرکت کا فیصلہ کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ کی حکمت عملی بنانے کے لیے اپوزیشن کی اے پی سی بلارہے ہیں جس میں مشاورت کے بعد حتمی اقدام اٹھانے کے فیصلے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے شہبازشریف کی زیر صدارت (ن) لیگ کا اجلاس جاری ہے ۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن کی اے پی سی کے حوالے سے مشاورت کی جارہی ہے جب کہ آزادی مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائےگی۔