کراچی: سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ عام انتخابات 90 دن میں ہونے چاہئیں اور اس کیلیے الیکشن کمیشن شیڈول کا اعلان کرے۔
میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن جلد اور آئین کے مطابق 90 دن میں کروائے جائیں تاکہ ہم جیت کر عوام کی خدمت کر سکیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ڈسکہ میں دھاندلی پکڑی اور نہیں ہونے دی امید کرتے ہیں شفاف انتخابات کروائے جائیں گے، موجودہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ 4 سالہ کارکردگی سے اپنا اسٹینڈرڈ ثابت کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی تاریخ آگے لے کر آئی ہے کیونکہ وہ بھی جلد سے جلد الیکشن کروانا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کم سے کم عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان تو کرے، 90 نہیں تو 100 یا 120 دن میں الیکشن کا اعلان کرے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ عوام پر تجربے کرنا بند کریں اور ان کو خود فیصلے کرنے دیں، عوام آصف علی زرداری یا نواز شریف کو چنتے ہیں تو قبول کرنا چاہیے، عوام پی ٹی آئی کو چنتے ہیں تو بھی فیصلے کو قبول کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کسی رہنما کا نام ای سی ایل میں نہیں، پارٹی ماضی میں بھی نیب سے نہیں ڈری نہ اب ڈرتی ہے، میں نہیں سمجھتا کہ ہمارے کے خلاف انتقامی کارروائی ہو رہی ہے، پروپیگنڈا ان کی طرف سے کیا جا رہا ہے جو الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے تاجر برادری کی ملاقات پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آرمی چیف سے تاجر برادری کی ملاقات نئی خبر نہیں ہے، گزشتہ 3،2 آرمی چیف بھی تاجروں سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں، تاجروں کی سیاستدان، بیوروکریٹ اور ججز تک بھی ان کی پہنچ ہے۔