بلاول بھٹو کا سیکریٹری جنرل او آئی سی سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حصین برہم طحہٰ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حصین برہم طحہٰ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سوئیڈن ودیگر یورپی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ توہین آمیز کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے سیکریٹری جنرل او آئی سی کو 7 جولائی کو پاکستان میں یوم تقدس قرآن منائے جانے کے بارے میں آگاہ کیا اور اس حوالے سے پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قرارداد پر بھی اعتماد میں لیا۔

وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل او آئی سی کو اس سلسلے میں ایران، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فون کالز سے آگاہ کیا

بلاول بھٹو نے او آئی سی سیکرٹری جنرل کی سرپرستی میں قابل مذمت کارروائیوں کے جواب کو سراہا اور جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے پر تنظیم کی تعریف کی اور ہنگامی وزارتی اجلاس کے انعقاد کے لیے او آئی سی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو یقین دلایا کہ پاکستان اسلامو فوبیا کی قابل مذمت لہر کو روکنے کے لیے او آئی سی کے تمام اقدامات میں فعال طور پر حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اس موقع پر او آئی سی سیکرٹری جنرل نے اسلامو فوبیا اور اس کے انسداد کی پاکستانی کوششوں کی تعریف کی اور اقوام متحدہ میں اس حوالے سے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔