پاکستان تحریک انصاف نے وزیر خارجہ کے دورہ بھارت کی مذمت کر دی ہے اور کہا ہے کہ بلاول بھٹو ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کرسکتے تھے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری گوا میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت روانہ ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو پاکستان ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے بھارت گئے ہیں اور ان کے ہمراہ وزارت خارجہ کے سینیئر افسران بھی ہیں۔ یہ 12 سال بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا بھارت کا دورہ ہے۔
وزیر خارجہ کے اس موقع پر بھارت جانے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل آگیا ہے اور اس نے دورہ بھارت کی شدید مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ویڈیو لنک پر بھارت میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کر سکتے تھے لیکن مودی کی محبت میں ان کے لیے کشمیریوں، مسلمانوں، اقلیتوں کے ساتھ بھارتی ظلم کی کوئی اہمیت نہیں۔
بلاول بھٹو ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کر سکتے تھے لیکن مودی کی محبت میں ان حکمرانوں کیلئے کشمیریوں پر مظالم اور مسلمانوں اور اقلیتوں کے ساتھ ظلم کی کوئ اہمیت نہیں، اس دورے کی شدید مذمت کرتے ہیں مودی جنتا کو خوش کرنے کیلئے یہ حکمران ہر حد پار کرنے کو تیار ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 4, 2023
فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ مودی جنتا کو خوش کرنے کیلیے یہ حکمران ہر حد پار کرنے کو تیار ہیں۔ بلاول بھٹو کے اس دورے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ کو بھارت نہیں جانا چاہیے تھا، سابق پاکستانی ہائی کمشنر
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط بھی اس حوالے سے رائے دے چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں جب بھارت کا ایک وزیر پاکستان سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان لینے کا کہہ رہا ہے اور بھارت کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے تو وزیر خارجہ کو بھارت کے دورے پر نہیں جانا چاہیے تھا۔