چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سائفر کے معاملے میں بانی پی ٹی آئی نے عوام کو بیوقوف بنایا۔
اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی معاملات پر سمجھوتہ کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی نے تو سائفر لہرا کر قوم کو بےوقوف بنانے کی کوشش کی۔ ذوالفقار علی بھٹو کی راولپنڈی کی تقریر بالکل مختلف معاملہ تھا۔
بلاول زرداری نے کہا کہ بھٹو نے تو کہا تھا قومی راز میرے ساتھ قبر میں جائیں گے۔ ذوالفقار بھٹو نے راولپنڈی کی تقریرمیں کوئی سائفر نہیں لہرایا تھا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اعتراف کرنا چاہیے کہ وہ جو کرتے رہےغلط تھا۔ پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کا تجربہ اچھا نہیں تھا۔ پی ٹی آئی سے انتخابی تاریخ طے کرلی تھی، بانی پی ٹی آئی نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارلی۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمجھتی ہے جو ان کیساتھ ہورہا ہے پہلی مرتبہ ہورہا ہے۔ ہم جس نظام سے گزرے ہیں وہ آج بھی تاریخ کاحصہ ہے۔ جو آج ہورہا ہے ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے جس پر پی پی کی واضح پوزیشن ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ امید ہے پی ٹی آئی بھی اب ماضی سے سبق سیکھ لےگی۔ ہم بھی پرامید ہوجائیں گے کہ شاید آئندہ کسی لاڈلے سےمقابلہ نہ ہو۔ اپنے مستقبل کی قیادت کیلئے عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی تو ان کا ایجنڈا کیا ہوگا، ن لیگ کی حکومت ہوگی تو کیا ان کا وہی ایجنڈا ہوگا کہ ماضی کا حساب لینا ہے۔ پیپلزپارٹی سیاسی انتشارختم کرنےکی کوشش کرے گی۔
بلاول نے کہا کہ یہ بھی درست ہے ن لیگ کیساتھ تجربہ اچھا نہیں تھا لیکن پھر ساتھ میں حکومت بنائی۔ آصف زرداری کے مجھ سے متعلق بیان کو غلط انداز میں لیا گیا تھا۔ آصف زرداری کیساتھ کوئی اختلاف نہیں ہے۔