بلاول بھٹو کراچی کی ترقی میں اسپیڈ بریکر ہیں: حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بلاول بھٹو اوران کی پارٹی کو کراچی کی ترقی میں اسپیڈ بریکر قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کراچی کی ترقی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا حیران ہوں کہ بلاول بھٹو اعتراف جرم کر رہے ہیں، بلاول نے کہا کہ کراچی کو بھی شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے، لیکن پندرہ سال سے یہ خود کراچی کی ترقی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا ’’بلاول بھٹو فرماتے ہیں میں وزیر خارجہ ہوں لیکن گھر میں ٹینکر سے پانی آتا ہے، 15 سال سے براہ راست پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، کراچی سرکلر ریلوے کہاں ہے، کوئی ایک کام جو کراچی میں صحیح سے کیا ہو، ایک منصوبہ مکمل نہیں ہوا، کل ایک بار پھر کے فور منصوبے کا افتتاح کر کے قوم کو دھوکا دیا گیا۔‘‘

حافظ نعیم نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ پوری اسپیڈ سے اختیارات چھین رہے ہیں، لوٹ مار کی اسپیڈ لگی ہے، اور کام میں اسپیڈ کم ہے، آپ نے 6 سال بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے، ہمارے مینڈیٹ پر قبضہ ہو رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔‘‘