متنازع منصوبے شروع کرنے سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وفاق دریائے سندھ پر نئی نہروں کے منصوبے سے پہلے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے دریائے سندھ پر مزید کینالوں کے وفاقی منصوبے سے متعلق ویڈیو بیان جاری کیا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ و بلوچستان کے اعتراضات نہیں سنے گئے تو اس پورے منصوبےکو متنازع بنائینگے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ متنازع منصوبوں کو شروع کرنے کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں، اپنی رائے کے زبردستی نفاذ سے منفی اثر ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے، ہماری کوشش ہے وفاق کو سمجھائیں کہ ایسے منصوبے نہ بنائے جو کالا باغ ڈیم کیطرح متنازعہ ہوں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ صوبوں کے درمیان اتفاق رائے بنائیں ہم گرین پاکستان منصوبے کو کامیاب بناسکتے ہیں، زبردستی رائے مسلط کرنے سے سیاسی عدم استحکام ومعیشت پر منفی اثر ہوگا۔