لاڑکانہ (25 اگست 2025): پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا خواتین کو مالکانہ حقوق دینے کے موقع پر چھٹی کلاس کے طالب علم سے دلچسپ مکالمہ ہوا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے رتوڈیرو کے گاؤں راہوجا پہنچ کر سیلاب متاثرہ افراد کے لیے بننے والے گھروں کا معائنہ کیا اور خواتین میں ان کے مالکانہ حقوق تقسیم کیے۔ اس موقع پر فریال تالپور، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ودیگر بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا ایک لاکھ 22 ہزار میں سے 90 ہزار گھروں کی تعمیر کا کام جاری ہے جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے سولر کٹ، بلب اور دیگر چیزیں بھی تقسیم کی گئی ہیں۔
اس موقع پر پی پی چیئرمین کا وہاں موجود چھٹی جماعت کے طالب علم حمزہ علی سے دلچسپ مکالمہ بھی ہوا، جس کو سن پر پی پی قیادت اور وہاں موجود دیگر لوگ مسکرا دیے۔
بلاول بھٹو نے حمزہ علی سے سوال کیا کہ آپ بڑے ہو کر کیا بننا چاہتے ہو؟ جس پر طالبعلم نے جواب دیا کہ وہ بڑا ہو کر پائلٹ بننا چاہتا ہے۔
اس پر بلاول نے کہا کہ آپ کو پتہ ہے کہ ہمارے پائلٹ نے کیسے بھارتی جنگی جہاز گرائے تھے، آپ بھی پائلٹ بن کر دشمن کے جہاز گرانا۔