بسمہ معروف بابر اعظم سے بہتر ہیں! عروج ممتاز کا بے باک تبصرہ

پاکستان کی سابق ویمن کرکٹر عروج ممتاز نے کہا ہے کہ بعض دفعہ بسمہ معروف دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین بابراعظم سے بہتر لگتی ہیں۔

عروج ممتاز نے یہ چونکا دینے والی بات ایک ٹی وی شو کے دوران کہی۔ میزبان نے انھیں بڑی اسکرین پر بسمہ معروف کی تصویر دکھائی جس پر تبصرہ کرتے ہوئے عروج کا کہنا تھا کہ بسمہ خواتین کی بابر اعظم ہیں۔

اس دوران سابق پاکستانی ویمن کرکٹر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کبھی کبھار بسمہ معروف ون ڈے کے نمبر ون بیٹر بابر اعظم سے بہتر بھی ہیں۔ ان کی بات سن کر میزبان کے منہ سے واہ نکل گیا۔

عروج کی یہ ویڈیو کلپ انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے اور بہت سے لوگ ان کے اس تبصرے پر حیرانی کا اظہا کررہے ہیں۔

بسمہ معروف پاکستان کی نمایاں خواتین کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔ انھوں نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا اور کئی بار پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔

133 ون ڈے انٹرنیشنلز میں بسمہ نے 3278 رنز بنائے ہیں جبکہ 140 ٹی ٹوئنٹی میچز میں وہ 2893 رنز بناچکی ہیں۔ مجموعی طور پر انھوں نے دونوں فارمیٹس میں 32 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔

باؤلنگ کی بات کی جائے تو انھوں نے 50 اوور کے فارمیٹ میں 44 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ کرکٹ کی مختصر ترین فارمیٹ میں انھوں نے 36 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔