بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڈا کے فوج سے متعلق متنازع بیان پر اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق جگدیش دیوڈا نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورا بھارت، ہماری فوج اور ایک ایک سپاہی وزیر اعظم نریندر مودی کے قدموں میں جھکتے ہیں۔
کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بی جے پی رہنما جگدیش دیوڈا کے بیان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تنقید کی اور اسے نامناسب اور شرمناک بیان قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: صوفیہ قریشی کو دہشتگردوں کی بہن کہنے پر بی جے پی وزیر کیخلاف مقدمہ درج
اپوزیشن جماعت کے آفیشل ایکس ہینڈل پر لکھا گیا کہ بھارتی فوج اور فوجی وزیر اعظم نریندر مودی کے قدموں میں جھکتے ہیں یہ بات مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڈا نے کہی ہے، ان کا یہ بیان نامناسب اور شرمناک ہے۔
کانگریس نے کہا کہ یہ فوج کی بہادری اور حوصلے کی توہین ہے، آج جب پورا ملک فوج کے سامنے جھک رہا ہے اس وقت بی جے پی رہنما ہماری فوج کے بارے میں اپنی گھٹیا سوچ کا اظہار کر رہے ہیں، بی جے پی اور جگدیش دیوڈا کو معافی مانگنی چاہیے انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا دینا چاہیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شدید تنقید کا سامنا کرنے کے بعد جگدیش دیوڈا کو واضح جاری کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیان کو غلط طریقے سے لیا گیا، میرا مطلب یہ تھا کہ پوری قوم فوج کے سامنے جھکتی ہے۔