بی جے پی رہنما نے طالبہ کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا

بی جے پی رہنما نے طالبہ کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں حمکران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نے ایک طالبہ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق بی جے پی رہنما کا نام پریانش وشوکرما ہے جو ایک بلڈر بھی ہے۔ اس نے ایم بی اے کی طالبہ 26 سالہ ویدیکا ٹھاکر کو گولی مار کر شدید زخمی کیا۔

پریانش وشوکرما نے 16 جون کو ویدیکا ٹھاکر کو فون کر کے اپنے دفتر بلایا اور گولی مار دی۔ بعد ازاں ملزم نے مقتولہ کے اہل خانہ کو فون کر کے اطلاع دی جس کے بعد طالبہ کی خالہ نے موقع پر پہنچ کر اسے بی جے پی رہنما کی گاڑی میں بٹھا کر اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کو اطلاع کیے بغیر 6 گھنٹے تک اس کا علاج چلتا رہا تاہم جب پولیس کو معاملے کا علم ہوا تو فوری ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ اس دوران پریانش وشوکرما کے ساتھوں نے ملزم کے دفتر پہنچ کر تمام شواہد مٹا دیے۔

طالبہ کو 30 گھنٹے تک وینٹی لیٹر پر رکھا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ گولی ریڑھ کی ہڈی کے قریب پھنس گئی تھی جسے ڈاکٹروں نے نکالنے کی کوشش کی تاہم کامیابی نہ مل سکی۔

مقتولہ کے اہل خانہ نے ملزم کے خلاف مقدمے کیلیے درخواست دی جسے مسترد کر دیا گیا۔ جب تھانے کے باہر مظاہرہ کیا گیا تو ایک آفیسر نے پریانش وشوکرما کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا۔

اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ پریانش وشوکرما نے طالبہ کو گولی کیوں ماری؟ پولیس معاملے کی تحقیقات کر ہی ہے۔