بی جے پی رہنما اور اہلیہ کی خون میں لت پت لاشیں گھر سے برآمد

بی جے پی رہنما کو اہلیہ سمیت قتل کر دیا گیا

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں نامعلوم افراد نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما کو اہلیہ سمیت بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی کے مقامی رہنما رامنیواس کماوت اور ان کی اہلیہ کی لاشیں گھر سے برآمد ہوئیں جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس پپلوڈا گاؤں پہنچی اور معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس کو مقتولین کے گھر میں سامان بکھرا ہوا ملا جس سے شبہ ہے انہیں لوٹ مار کے دوران قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر واقعہ ڈکیتی کا معلوم ہوتا ہے، ملزمان کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

ایس پی سچن شرما نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان کی جانب سے مقتولین کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، گھر میں لگے سی سی ٹی وی خراب ہیں جس کی وجہ سے تحقیقات میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کر دیا جن کی رپورٹس آنے کے بعد معلوم ہو سکے گا کہ قتل کیلیے کس آلے یا ہتھیار کا استعمال کیا گیا۔

قتل کی واردات کی تحقیقات کیلیے پولیس کے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔