کانگریس کے کارکنوں کا مودی کیخلاف انوکھا احتجاج، ویڈیو وائرل

اماراوتی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہیلی کاپٹر کے قریب 4 سیاہ غبارے اڑانے پر کانگریس پارٹی کے 4 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ آندھرا پردیش کے دوران کانگریس کارکنوں نے انوکھا احتجاج کیا ہے، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا وائرل ہوگئی ہے۔

بھارتی وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر نے وجایا واڑہ ائیرپورٹ سے اڑان بھری تو کانگریس کے کارکنوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے سیاہ رنگ کے غبارے فضا میں چھوڑ دیے۔

پولیس نے واقعے میں ملوث کانگریس کے چار کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ زیر حراست ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم مودی کے خلاف احتجاج کے طور پر سیاہ غبارے ہوا میں چھوڑے جو ان کے ہیلی کاپٹر کے بہت قریب اُڑ رہے تھے۔

اس واقعہ کو حکمران جماعت بی جے پی نے سیکیورٹی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، تاہم اندھرا پردیش پولیس کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کے روانہ ہونے کے تقریباً پانچ منٹ بعد غبارے چھوڑے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔