پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

اسلام آباد:‌ پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستان و کشمیری مقبوضہ کشمیر پرغاصبانہ بھارتی قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ منا رہے ہیں جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی طرف مبذول کرانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستان و کشمیری مقبوضہ کشمیر پرغاصبانہ بھارتی قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ منا رہے ہیں ۔ آج کے دن بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں داخل ہوئی اور کشمیریوں کی امنگوں اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہاں اپنا تسلط قائم کرلیا۔

حریت رہنما علی گیلانی کی قیادت میں کل جماعتی حریت کانفرنس آج لال چوک سری نگر کی طرف مارچ کرے گی، اسی طرح مظفرآباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور دیگر خطاب کریں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، اس دن بھارتی فوج جموں وکشمیر میں داخل ہوئی تھی اور کشمیریوں کی منشا اور تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے پر قبضہ کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکا، عالمی برادری کردار ادا کرے، نام نہاد بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، عالمی برادری کردار ادا کرے، کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دنیا بھرمیں پاکستانی سفارتی مشنزکو تقاریب کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں، دنیا بھرمیں تنازع کشمیرکو اجاگرکرنے کے لیے تقاریب اور احتجاج کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر یوں کی حق خود ارادیت کی 72سالہ جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا، دنیا کو تنازع کشمیرکی سنگینی سے متعلق ایک بار پھر باورکرایا جائے گا۔