ویڈیو: طلبہ کو دیے گئے سالن میں سے بلیڈ نکلنے پر طلبہ میں خوف کی لہر

بلیڈ یونیورسٹی سالن

حیدرآباد: ریسٹورنٹس پر کھانوں میں سے کیڑے مکوڑے نکلنے کی خبریں عام ہیں، تاہم بھارت میں ایک یونیورسٹی میں طلبہ کو فراہم کیے گئے کھانے میں سے ریزر بلیڈ نکل آیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر حیدرآباد میں قائم عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ کو ڈنر میں فراہم کیے گئے سالن میں سے بلیڈ نکلنے پر طلبہ میں خوف کی لہر دوڑ گئی، اور وہ احتجاج پر مجبور ہو گئے۔

منگل کی رات کو نیو گوداوری ہاسٹل کے طلبہ کو کیمپس میں تھالیوں میں جب کھانا فراہم کیا گیا، تو ایک تھالی میں ابلے چاولوں پر ڈالے گئے سالن میں ریزر بلیڈ پڑا ہوا دکھائی دیا۔

واقعے پر طلبہ میں شدید غصے کی لہر دوڑ گئی، اور انھوں نے کیمپس میں احتجاج شروع کر دیا، جس پر یونیورسٹی حکام نے اس معاملہ کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

طلبہ نے انکشاف کیا کہ انھیں فراہم کیے جانے والے کھانوں میں اکثر و بیش تر کپڑوں اور چوڑیوں کے ٹکڑے، اور دھاگے پائے جاتے ہیں، جس پر پہلے بھی میس ورکرز نے یقین دہانی کرائی تھی کہ اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہیں ہوگا۔

طلبہ نے احتجاج کے دوران علامت کے طور پر سالن کا ایک بڑا برتن بھی سامنے رکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل شکایتوں کے باوجود یونیورسٹی حکام نے ورکرز کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی ہے۔