ہنگو میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، 4 نمازی شہید

مستونگ کے بعد ہنگو میں بھی مسجد میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 نمازی شہید جب کہ 12 زخمی ہوئے ہیں۔

صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا بھی دہشتگردی کا نشانہ بنا ہے اور ہنگو میں تھانہ دو آبہ کے قریب مسجد میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 نمازی جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا نماز جمعہ کے خطبے کے دوران ہوا اس وقت مسجد میں 30 سے 40 نمازی موجود تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں مسجد شہید ہوگئی اور نمازی چھت کے ملبے تلے دب گئے۔

دھماکا ہوتے ہی چیخ وپکار مچ گئی جب کہ اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

مستونگ میں مسجد کے قریب خودکش دھماکا، 40 افراد شہید، 80 زخمی

مسجد کی چھت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ زخمیوں کو مقامی اسپتال جب کہ شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے۔