اسلام آباد: عالمی معاشی جریدے بلوم برگ نے پاکستان سے متعلق اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ معاشی بہتری کیلیے نئی حکومت کو فوری عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام میں جانا ہوگا۔
بلوم برگ نے تازہ رپورٹ میں بتایا کہ جنوری میں پاکستان کا بانڈ 9 فیصد مستحکم ہوا، 2023 میں پاکستان کے بانڈز میں 100 فیصد بہتری ہوئی، پاکستان یورو بانڈ کی فروخت میں سست روی کر سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق الیکشن کی وجہ سے پاکستان یورو بانڈ کے اجرا میں محتاط ہے، سرمایہ کار پاکستان میں انتخابی نتائج کے منتظر ہیں، پاکستان اپریل میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایک ارب ڈالر کے بانڈ فروخت کر سکتا ہے۔
عالمی معاشی جریدے کے مطابق پاکستان کی نئی منتخب حکومت کو اپریل میں بانڈ کی فروخت کا موقع ملے گا جبکہ نئی منتخب حکومت کو فوری طور پر آئی ایم ایف سے رابطہ کرنا پڑے گا۔
اس میں مزید کہا گیا کہ آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام مارچ میں ختم ہو رہا ہے، معاشی بہتری کیلیے نئی حکومت کو فوری آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال میں نئی حکومت کو آتے ہی 25 ارب ڈالر واپس کرنے ہیں، نئی منتخب حکومت کو جون تک 8.2 ارب ڈالر واپس کرنے ہیں۔