ملتان میں گھر سے تین خواتین کی لاشیں برآمد

ملتان میں گھر سے تین خواتین کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

اے آر وائی ینیوز کے مطابق ملتان کے علاقے ممتاز آباد میں تینوں خواتین کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، خواتین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مقتولین کی شناخت شمشاد انور، نسرین اختر اور سمعیہ اختر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ خواتین کی عمریں 25 سے 52 سال کے درمیان ہیں جبکہ جاوید نامی شہری کا گھر باہر سے بند تھا۔

ایس ایچ او تھانہ ممتاز کا کہنا ہے کہ دو دن پرانا واقعہ ہے معاملہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، تینوں خواتین کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی مدعی ان کی بہن ہیں جو رحیم یار خان کی رہنے والی ہیں۔

پولیس کا بتانا ہے کہ بہن نے ہی یہاں پہنچ کر پولیس کو واقعے کی اطلاع دی، لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

اہل علاقہ کا بتانا ہے کہ گھر میں صرف تینوں خواتین ہی رہتی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تہرے قتل کے واقعے کی تحقیقات مختلف زاویے سے کی جارہی ہیں۔