سوئٹزر لینڈ کی مشہور چوٹی میٹر ہارن میں 1986 میں جرمن کوہ پیما لاپتہ ہوگیا تھا جس کی لاش کی باقیات 37 سال بعد مل گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوئٹزر لینڈ کی مشہور چوٹی میٹر ہارن کے جنوب مشرق میں گلیشیئر انسانی لاش کی باقیات ملی ہیں جو 1986 میں لاپتہ ہونے والے جرمن کوہ پیما کی ہیں اور اس کی تصدیق ڈی این اے ٹیسٹ سے ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گلوبل وارمنگ میں اضافے کے باعث گلیشیئر پگھلنے سے دہائیوں قبل لاپتا ہونے والے ہائیکرز، سکیئرز اور دیگر کوہ پیماؤں کی باقیات کی دریافت میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے۔
اس حوالے سے سوئس پولیس کا کہنا ہے کہ 38 سالہ جرمن کوہ پیما 1986 میں مذکورہ علاقے میں لاپتہ ہوگیا تھا جو اس وقت کافی تلاش کے باوجود نہیں مل سکا تھا تاہم رواں ماہ 12 جولائی کو اٹلی کی سرحد کے قریب تھیوڈول گلیشیئر پر جانے والے کوہ پیماؤں کو گمشدہ شخص کی باقیات ملی تھیں۔
کوہ پیما کی شناخت کی تصدیق کے لیے باقیات کو تجزیے کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں جینیاتی ٹیسٹ کے ذریعے اس شخص کی شناخت ہوئی ہے لیکن پولیس نے یہ رپورٹ عام نہیں کی۔